مندرجات کا رخ کریں

انتقامی فحش نگاری

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

انتقامی فحش نگاری ایسے فحش مواد کو کہتے ہیں جو نجی استعمال کے لیے بنایا گیا ہو لیکن اس کو کسی کو انتقام کی خاطر بدنام کرنے کے لیے عوامی طور پر قابل رسائی بنا دیا جائے۔ اس کا سب سے مقبول طریقہ ایسے مواد کو عوامی سوشل میڈیا یا جنسی سوشل میڈیا پر شائع کرنا ہے۔

کیمروں تک آسان رسائی کی وجہ سے عام لوگ، جن کا فحش نگاری کی صنعت سے کوئی تعلق نہ ہو، اپنے نجی جنسی تعلقات کو عکس بند یا فلم بند کرتے ہیں تا کہ ان کو بعد میں تنہا یا اپنے جنسی ساتھی کے ساتھ دیکھا جا سکے۔ جب دو جنسی ساتھیوں، میاں بیوی یا دیگر، میں چپقلش ہو جائے تو دونوں میں سے کوئی ایک دوسرے کو بدنام کرنے کے لیے جنسی مواد کو انٹرنیٹ کے ذریعے پھیلا دیتا ہے۔ اکثر اس جنسی مواد میں صرف وہی شخص پہچانا جا سکتا ہے جس کو بدنام کرنا مقصود ہوتا ہے۔

انتقامی فحش نگاری کی ایک شکل ایسا جعلی جنسی مواد بھی ہے جس میں عریاں تصاویر یا فلموں میں جنسی اعمال میں مشغول افراد پر غیر متعلقہ افراد کے چہرے لگے ہوں۔ پہلے پہل اس کام کے لیے کمپیوٹر گرافکس میں مہارت درکار ہوتی تھی لیکن اب مصنوعی ذہانت نے یہ کام بہت آسان کر دیا ہے۔ چونکہ اس طرح کی جعلی فحش نگاری میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ جس شخص کو بدنام کرنا مقصود ہو اس کے بدن کی ساخت اس فرد سے ملتی ہو جس کے اوپر چہرہ چسپاں کیا جا رہا ہے اِس لیے اِس مواد کو جعلی ثابت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

کئی ممالک نے انتقامی فحش نگاری کو غیر قانونی قرار دے کر سخت سزائیں مقرر کی ہیں۔ ایسے قوانین کے ذریعے کِسی کی نیم عریاں، عریاں یا جنسی عکوس (ساکت یا متحرک) کو اُس کی مرضی کے بغیر عام کر دینا قابل تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے۔